کامسٹیک میں فلسطینی نیشنلز کیلئے بیسک لائف سپورٹ ،ٹراما مینجمنٹ کورس کی افتتاحی تقریب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) فلسطینی شہریوں کے لیے بیسک لائف سپورٹ (BLS) اور بیسک ٹراما مینجمنٹ کورس کی افتتاحی تقریب کامسٹیک، فاطمہ میموریل سپتال اور نور انٹرنیشنل یونیورسٹی، پاکستان کے اشتراک سے او آئی سی-کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد کے الخوارزمی کانفرنس روم میں منعقد ہوئی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی-کامسٹیک نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے ذریعے صلاحیتوں کی ترقی، مشکلات سے دوچار برادریوں کو بااختیار بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو نہ صرف یکجہتی کا مظہر قرار دیا بلکہ اسے فلسطین میں انسانی وسائل اور صحت کے نظام کی مضبوطی کے لیے ایک طویل المدتی سرمایہ کاری بھی کہا۔
پروفیسر چوہدری نے فاطمہ میموریل ہسپتال اور نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کی شاندار تعاون اور علمی خدمات کو سراہا اور او آئی سی اور ریاستِ فلسطین میں او آئی سی کے نمائندہ دفتر کا ان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور، پرووائس چانسلر، نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور نے کامسٹیک کے اس اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی انسانی خدمت سے متعلق تربیتی پروگراموں کے لیے اپنی علمی و تکنیکی معاونت جاری رکھے گی، مسٹر توفیق خادر، ناظم امور، سفارت خانہ فلسطین (اسلام آباد) نے او آئی سی-کامسٹیک اور اس کے شراکت دار اداروں کی فلسطینی عوام کے لیے جاری حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر عمر میلاد، وائس چانسلر، الازہر یونیورسٹی، غزہ اور مسٹر احمد علی حنون، ڈائریکٹر جنرل، تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے نمائندہ دفتر، ریاستِ فلسطین، نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے کامسٹیک اور اس کے شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فلسطینی حالات کے تناظر میں ایک انتہائی اہم اور بروقت کورس کا آغاز کیا۔
یہ پروگرام کامسٹیک کے اس غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے کہ وہ تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے رکن ممالک میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے فروغ کے ذریعے مشترکہ ترقی کے لیے کوشاں ہے، خصوصاً فلسطینی عوام کی مدد کے لیے خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
تقریب کے دوران یہ بات اجاگر کی گئی کہ اس کورس کا تصور فلسطینی طبی ماہرین اور نوجوانوں کی ایمرجنسی ہیلتھ کیئر کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت کے پیشِ نظر پیش کیا گیا۔ حالیہ انسانی بحرانوں نے غزہ میں بروقت طبی امداد، لائف سپورٹ اور ٹراما مینجمنٹ کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے۔
یہ ایک ماہ پر مشتمل آن لائن کورس بیسک لائف سپورٹ (BLS)، کارڈیو پلمنری ریسسٹیٹیشن (CPR)، زخموں اور ٹراما کا علاج، ریڑھ اور اعضا کی حرکت کو منجمد کرنے کی تکنیکیں، نفسیاتی معاونت، اور جسمانی بحالی جیسے منظم مضامین پر مشتمل ہے۔
یہ کورس خاص طور پر فلسطینی شہریوں کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے وطن میں رہتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں اور اعتماد میں اضافہ کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کی گورننس خالصتاً فلسطین کا داخلی معاملہ ،غیر ملکی سرپرستی قبول نہیں:حماس