"میں آج سے ماہر ہ خان ہو ں، جس نے جوکرنا ہے کر لیں"،رابعہ کلثوم

May 12, 2023 | 23:52:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی اداکارہ رابعہ کلثوم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری  پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے  ملک بھر میں کیے گئے مظاہروں پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "وہ آج سے ماہرہ خان ہیں، جس نے جو کرنا ہےکر لیں۔"

تفصیلات کے مطابق "مجھے پیار ہوا تھا" کی اداکارہ رابعہ کلثوم نے سوشل میڈیا پر  انسٹاگرام پوسٹ  شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "اگر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو کراچی میں فساد ہونے پر افسوس ہے اور اگر آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی شہادت کے دن 27 دسمبر کو امن قائم رکھا ہوا تھا تو وہ بھی آج سے ماہرہ خان ہیں، جس نے جو کرنا ہے،کرلیں۔"

اداکارہ رابعہ کلثوم نے یہ پوسٹ اس وقت پوسٹ کی جب تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو گرفتار کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج ،توڑ پھوڑ اور تشد کیا۔

اگرچہ اداکارہ نے واضح طور پر تحریک انصاف اور عمران خان کی حمایت نہیں کی، تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی پروفائل تصویر بھی تبدیل کرتے ہوئے اس پر عمران خان کی تصویر لگالی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی 9 مئی کو گرفتاری کے فوراً بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی  کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی، فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملہ کیا گیا، سرکاری عمارتوں میں آگ بھی لگائی گئی، اس دوران 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

جس کے بعد  عمران خان کو 11 مئی کی شام کو سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں عمران خان کو 12 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی تمام کیسز میں 17 مئی تک ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔