معاون خصوصی وزیراعظم عثمان ڈار نے عہدہ چھوڑ دیا

Feb 12, 2021 | 17:44:PM
معاون خصوصی وزیراعظم عثمان ڈار نے عہدہ چھوڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) عثمان ڈار نے انتخابی قوانین کے پیش نظر وزیراعظم کے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑ دیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے این اے 75 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وزیراعظم سے اجازت مانگی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی خواہش پر کابینہ ڈویژن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات مکمل ہونے کے بعد عثمان ڈار دوبارہ معاون خصوصی کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔
ادھر الیکشن کمیشن نے این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے معاون خصوصی عثمان ڈار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی عہدہ رکھتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ کیوں لیا ؟۔ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں انتخابی امیدوار کے ہمراہ موجودگی کو الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے عثمان ڈار کو ذاتی حیثیت میں ڈسکہ کے مقامی آفس پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی۔
واضح رہے این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات کی مہم حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی۔ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے ارکان انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ انتخابی مہم میں اپوزیشن جماعتوں کے منتخب ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی، جن میں احسن اقبال، رانا ثنا ، خرم دستگیر، جاوید لطیف بھی شامل ہیں۔
یاد رہے این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا معرکہ 19 فروری کو سجے گا۔ علی اسجد ملہی تحریک انصاف کی ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔