پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آزاد کشمیر میں مشترکہ صدارتی امیدوار کھڑا کردیا

Aug 12, 2021 | 15:29:PM
 پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آزاد کشمیر میں مشترکہ صدارتی امیدوار کھڑا کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) اختلافات کے باوجود  پی پی اور ن لیگ نے آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مدمقابل مشترکہ امیدوار میدان میں اتارا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لئےتحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود کے کاغذات خواجہ فاروق احمد، غلام محی الدین دیوان اور چوہدری اخلاق نے جمع کروائے جنہیں منظور بھی کر لیا گیا ہے۔

 دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کو صدر آزاد کشمیر کے لئےمشترکہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی جانب سے مشترکہ امیدوارمیاں عبدالوحید کا تعلق پیپلز پارٹی آزادکشمیر سے ہے اور پاکستان میں شدید اختلافات کے باوجود آزاد کشمیر میں ن لیگ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزارت عظمیٰ،سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے بھی پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار مشترکہ تھے۔

وادی نیلم سے پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار میاں عبدالوحید کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ مجاہد حسین نقوی نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس عبدالرشید سلہریا نے بھی بیرسٹر سلطان محمود اور میاں عبدالوحید کے کاغذات نامزدگی درست ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

عبدالرشید نے بتایا کہ بیرسٹر سلطان اور عبدالوحید کے علاوہ 2 دیگر درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں لیکن دونوں امیدواروں کے تائید اور تجویز کندہ نہیں تھے اس لئے درخواستں مسترد کر دی گئی ہیں۔

آزاد کشمیر کے صدارتی الیکشن کے لئےکاغذات آج جمع ہو رہے ہیں اور پولنگ 17 اگست کو ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کابیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ