سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسری ہفتہ وار کمی

Sep 11, 2026 | 09:06:AM
سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسری ہفتہ وار کمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک )عالمی منڈی میں سونے کی قیمت جمعہ کو معمولی اضافے کے باوجود مسلسل تیسرے ہفتے کمی کی جانب گامزن ہے، جبکہ سرمایہ کار امریکی مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار اور آئندہ ہفتے امریکی مرکزی بینک کی شرح سود سے متعلق پالیسی کے اشاروں کے منتظر ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے  مطابق جمعہ کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,324.79 ڈالر فی اونس رہی، تاہم رواں ہفتے اب تک سونے کی قیمت میں 2 فیصد سے زیادہ کمی ہوچکی ہے۔ دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت تقریباً ایک فیصد کم ہوکر 4,364.70 ڈالر فی اونس رہی۔

امریکا کے کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کے اعداد و شمار جمعہ کو جاری ہونے ہیں، جنہیں امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود پالیسی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں پروڈیوسر پرائس انڈیکس (PPI) میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جولائی کے اعداد و شمار کو نظرثانی کے بعد 0.1 فیصد کردیا گیا۔ مضبوط مہنگائی کے اعداد و شمار کے بعد سرمایہ کاروں نے اگلے ہفتے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات پر اپنی توقعات بڑھا دی ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت تقریباً 2 فیصد گر گئی۔

 یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے!

ماہرین کے مطابق اگر امریکی مہنگائی توقعات سے زیادہ مضبوط رہی تو شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، جس سے امریکی ڈالر اور امریکی ٹریژری ییلڈز کو تقویت مل سکتی ہے اور سونے کی قیمت پر مزید دباؤ آسکتا ہے۔

سونا اگرچہ عام طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، تاہم بلند شرح سود عموماً اس کے لیے منفی ثابت ہوتی ہے کیونکہ سونا سرمایہ کاروں کو باقاعدہ منافع یا سود فراہم نہیں کرتا۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال بھی عالمی مارکیٹ پر اثر انداز ہورہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے حامی حوثیوں نے یمن کی بندرگاہی شہر موچا پر کنٹرول حاصل کرلیا اور بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ اہم جزائر کی جانب پیش قدمی کی ہے۔

ادھر تیل کی قیمتیں بھی 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہیں اور دونوں بڑے عالمی بینچ مارکس مئی کے وسط کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ 100 ڈالر فی بیرل سے زائد کی سطح پر ختم کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

 مزید پڑھیں: حوثیوں نے باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا: یمن کی انصار اللہ تنظیم کا دعویٰ

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 0.3 فیصد کمی کے بعد 63.39 ڈالر فی اونس رہی اور رواں ہفتے اس کی قیمت میں 4 فیصد سے زیادہ کمی ہوچکی ہے۔ پلاٹینم 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 1,773.93 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد کمی کے بعد 1,278.51 ڈالر فی اونس پر آگیا۔ دونوں دھاتیں بھی ہفتہ وار بنیاد پر کمی کی جانب گامزن ہیں۔