پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور بھائی چارے کا رشتہ ہے:مریم نواز

Oct 11, 2025 | 14:29:PM
 پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور بھائی چارے کا رشتہ ہے:مریم نواز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔

پاک سعودی بزنس کونسل کے خصوصی وفد کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  پاک سعودی مشترکہ کاروباری کونسل کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتی ہوں۔

مریم نواز  نے کہا کہ وفد کی آمد پنجاب کے لئے خوش بختی کی علامت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو عوام نے بے پناہ سراہا ہے،پنجاب حکومت جدید خطوط پر کام کررہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت پر لے جائیں گے، سعودی سرمایہ کاری پنجاب میں ترقی کا نیا دور لائے گی، پاکستان سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے وفد کو خوش آمدید کہتی ہوں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی معاہدے کو پاکستانی عوام نے بے حد سراہا ہے، اس وفد کی آمد پنجاب کے لیے خوش بختی کی علامت ہے، پنجاب کی حکومت اس وقت جدید خطوط پر کام کر رہی ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اتحاد اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، مجھے اپنے بھائی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، وہ جس انداز میں ترقی کے بارے میں بات کرتے ہیں، انہیں سننا ایک اعزاز کی بات ہے،وہ مملکت کو جدت کی نئی بلندیوں کی جانب لے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ولی عہد نے مجھ سے کہا کہ میں اپنی ٹیم سے کہتا ہوں کہ آپس میں بات کیا کریں، بالکل یہی بات میں اپنی ٹیم سے بھی کہتی ہوں، میرے والد نواز شریف کا سعودی عرب کے ساتھ محبت، اعتماد اور دوستی کا دہائیوں پرانا تعلق ہے، میں خود بھی سات برس تک سعودی عرب میں رہ چکی ہوں، مشرف دور میں ہمیں جلاوطنی کے دوران جدہ میں قیام کرنا پڑا تھا، اسی لیے میں جدہ کو لاہور سے زیادہ جانتی ہوں۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والے دفاعی معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر اعتماد کرنے پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں، پاکستان ہر وقت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، مکہ اور مدینہ کی پاسبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے امید ہے پنجاب میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری ترقی کا نیا دور لائے گی، سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران سعودی عرب نے پنجاب کی فراخدلی سے مدد کی، اس قبل بھی سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔

سعودی پاکستان بزنس کونسل کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بہترین میزبانی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ ہم نے یہاں آنے سے قبل سرکاری اور نجی شعبے میں موجود امکانات کا مطالعہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ایجنڈے میں بہت سی چیزیں شامل ہیں خاص طور پر زراعت۔ پنجاب کی زمینیں بہت زرخیر ہیں، ہم پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پنجاب سے شراکت داری بہت اہمیت کی حامل ہے۔

شہزادہ منصور نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو بہت پہلے پاکستان آنا چاہئے تھا، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، ہم پاکستان میں صرف کاروبار کے لیے نہیں آ رہے بلکہ ہم پاکستان کے ساتھ مل کر درپیش چیلنجز کے حل کے لیے کام کریں گے۔ ہم اگلے چار برس میں کم لاگت میں 10 لاکھ گھر تعمیر کریں گے۔

انہوں نے پاکستان میں صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔