پی ایس ایل 9، آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز میدان میں اُتریں گے

Mar 11, 2024 | 13:12:PM
پی ایس ایل 9، آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز میدان میں اُتریں گے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پی ایس ایل 9 میں آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز میں گھمسان کا رن پڑے گا۔

پاکستان سپر لیگ 9 کا 29 واں میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔

رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کے گذشتہ باہمی مقابلے میں کراچی کنگز نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل پشاور زلمی کی ٹیم مسلسل فتوحات سمیٹ رہی تھی، اب اس کی نگاہیں کنگز سے اس کے ہوم گرائونڈ پر بدلہ لینے پر مرکوز ہوں گی۔

زلمی کی ٹیم رواں سیزن میں اپنے 9 میں سے 5 میچز جیت چکی، 2 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ ملا، جس کی وجہ سے اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 9 ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھرپور فارم میں ہیں، رواں سیزن انھوں نے سب سے زیادہ 447 رنز 63.85 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں، ایک بار پھر توقعات کا زیادہ تر بوجھ ان کے ہی تجربہ کار کندھوں پر ہوگا جبکہ صائم ایوب بھی توجہ کا مرکز ہوں گے، بولرز میں لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد سے کنگز کی بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کی توقع کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سابق بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان سیاست میں ڈیبیو کیلئے تیار

دوسری جانب کراچی کنگز نے اپنے گذشتہ میچ میں شعیب ملک کے آخری گیند پر چوکے کی بدولت لاہور قلندرز کیخلاف فتح حاصل کی تھی، اس کی اپنے تجربہ کار آل راؤنڈر سے توقعات مزید بڑھ گئی اور انھیں پشاور زلمی کیخلاف بھی شعیب سے میچ وننگ کارکردگی کی توقع ہے۔

کراچی کنگز کا رواں ایڈیشن میں سفر زیادہ اچھا نہیں رہا، اس نے اپنے 9 میں سے 4 میچز جیتے اور 5 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گذشتہ میچ میں جیمز ونس قدرے بہتر کھیلے تھے، وہ اور کیرون پولارڈ ٹیم کو ایک اور فتح سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔