نجی بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر استعمال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں: اسحاق ڈار

Jan 11, 2023 | 15:15:PM
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے
کیپشن: وزیر خزانہ اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ حکومت کا نجی بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر استعمال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ کمرشل بینکوں کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر شہریوں کی ملکیت ہیں اور حکومت کا نجی بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر استعمال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، میں نے اصولوں کی بنیاد پرکہاکہ اسٹیٹ بینک اور نجی بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر قومی ذخائر ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے معیشت تباہ کی وہ اس بیان کو غلط رخ دے رہے ہیں، چند عناصر جان بوجھ کر پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ حکومت ان ذخائر کو استعمال کرنا چاہتی ہے،  شہری ایسے پروپیگنڈے کو نظر انداز کریں۔ پاکستان بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی۔

ضرور پڑھیں : جنیوا کانفرنس کامیاب ہوئی، 22 کروڑ عوام کی محنت کا نتیجہ ہے: وزیراعظم

اس سے قبل  وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ملکی معیشت سے متعلق تفصیل کے ساتھ بات ہوئی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی گردان پکڑی ہوئی ہے۔ مخالفین کو کوئی بھی بات ہضم نہیں ہوتی۔ اللہ  ان لوگوں کو ہدایت دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہاں (جنیوا میں) کام کررہے تھے اور یہاں منفی ٹوئٹس ہو رہی تھیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ورلڈ بینک، یو این ڈی پی، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور دیگر کے ساتھ جو پلان کیا گیا تھا وہ 16.3 ارب ڈالر کا تھا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے فیصلہ کیا تھا کہ عالمی برادری کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ اس ضرورت کا نصف پاکستان خود برداشت کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ جینیوا کانفرنس میں پاکستان کا ہدف 8.15 ارب ڈالر کا تھا۔