حکومت کا رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان

Apr 11, 2024 | 18:31:PM
حکومت کا رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس خان لغاری نے رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسےفی یونٹ کمی ہوئی، کمی ڈالر کے لحاظ سے سہہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ہوئی ہے، گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے92 پیسے مقرر ہوئی، ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی،  پہلے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی جو کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی، گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو دباؤ سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے 'ریفرنس ٹیرف' کا تعین کرتی ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ایک ماہ میں بجلی کی پیداوار پر آنے والی لاگت کا تعین کرتی ہے،  نیپرا کی مقررہ قیمت کے مقابلے میں ایندھن کی قیمت میں کمی پر صارفین کے لئے قیمت میں کمی آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرق کو وصول نہ کرنے سے ملکی خسارے میں اضافہ ہوتا ہے، نیپرا ہر ماہ کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتی ہے۔