عمران خان کی رہائی کیلئےبریک تھرو؟ پی ٹی آئی رہنما نے بڑا دعویٰ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور سیاسی بریک تھرو کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت جاری ہے اور عمران خان اسی سال جیل سے باہر آجائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق اہم دعوے کیے۔
اسلم گھمن نے تصدیق کی کہ عمران خان کی رہائی اور موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر مذاکرات ہورہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں شامل بعض افراد سے ان کی بات چیت بھی ہوئی ہے تاہم انہوں نے مذاکرات کرنے والی شخصیات کے نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ نام ان کے لیے امانت ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق مذاکرات کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ملک میں ایک بڑے سیاسی بریک تھرو کی راہ ہموار کرنا ہے تاہم انہوں نے مذاکرات کی تفصیلات فریقین یا ممکنہ فارمولے کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اصولوں پر قائم ہیں اور وہ کسی صورت اس بات پر آمادہ نہیں ہوں گے کہ ملک میں کسی ایک فرد یا گروہ کی اجارہ داری قائم ہو۔
اسلم گھمن کا مزیدکہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے امکانات موجود ہیں اور وہ اسی سال جیل سے باہر آجائیں گے انہوں نے اس دعوے کی وجہ موجودہ حکمرانوں کی مبینہ ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک اور معیشت چلانے میں ناکام ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اچکزئی اور راجہ ناصر عباس ناراض، پی ٹی آئی قیادت منانے کیلئے گھروں تک پہنچ گئی