عوام کے حقوق کیلئے لڑنا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی اور اگر لڑنا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صوبائی دارالحکومت میں ڈیجیٹل میڈیا لیڈرشپ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، جبکہ جنوبی ایشیا میں سیاسی محاذ پر بی جے پی کو شدید سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن پاکستان میں سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے جو ایک تشویشناک رجحان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اب کسی بڑی سیاسی جماعت کی ترجیح نہیں رہی، اس لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے پر عوام تک مؤثر انداز میں آواز پہنچائی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی پی پیز سمیت دیگر اہم معاشی مسائل پر بھی عوامی آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کسی خاص مقصد کے لیے عائد کی جاتی ہے، اور حالیہ اضافے کے بعد یہ لیوی 107 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر جماعت اسلامی کا مؤقف واضح ہے اور پاکستان کسی فرد یا حکمران کا نام نہیں بلکہ عوام کا ملک ہے۔
انہوں نے کراچی میں تعلیم کارڈز کی تقسیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ اگر موقع ملا تو جماعت اسلامی ملک میں 100 فیصد مفت تعلیم کا نظام قائم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ “بنو قابل” پروگرام کے تحت تربیت یافتہ نوجوان آج باعزت روزگار کما رہے ہیں۔
آخر میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کی کامیابیاں دیکھ کر دلی سکون ملتا ہے اور وہ پاکستان کی مستقبل کی کور ٹیم ہیں، اس لیے انہیں بھرپور محنت کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :ایران نے جنگ کے خاتمے کی امریکی تجویز پر پاکستان کو جواب بھیج دیا