دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم ہے:چیئرمین واپڈا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم ہے ،قومی اہمیت کے اس پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل انتہائی ضروری ہے۔
دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز عملدرآمد کمیٹی اجلاس کی صدارت کے دوران چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نےاجلاس میں دیا مر بھا شا ڈیم کے لیے باقی ماندہ زمین کے حصول اور منتقلی کا جائزہ لیا،اجلاس میں متاثرین کو ہاؤس ہولڈ پیکج کی ادائیگی پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، واپڈا 2025 کے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، مقامی افراد دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی بروقت تعمیر کو یقینی بنانے میں معاونت کریں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نے کہا کہ گلگت بلتستان کی انتظامیہ زمین کی خریداری اور متعلقہ امور میں تیزی لائے، مقامی لوگ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے سٹیک ہولڈر بنیں اور اس کی بروقت تکمیل میں مدد کریں، حقوق دو ڈیم بناؤ کمیٹی لوگوں کو دیامر بھاشا ڈیم کے طویل مدتی فوائد بارے آگاہ کرے۔
چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مقامی لوگ پراجیکٹ کے طویل مدتی اور پائیدار فوائد میں شراکت دار بنیں، دریائے سندھ پر زیرتعمیر دیامر بھاشا ڈیم ایک میگا، کثیر المقاصد منصوبہ ہے، پراجیکٹ مکمل ہونے پر زرعی مقاصد کیلئے 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، دیامر بھاشا ڈیم سے 4500 میگاواٹ ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔
ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا قیام سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میں جولائی 2018 میں عمل میں لایا گیا، عملدرآمد کمیٹی کا مقصد دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر تعمیراتی کام کے جلد آغاز اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے، عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں، کمیٹی کا یہ آٹھواں اجلاس تھا۔
یہ بھی پڑھیں :چیف منسٹر مریم نے تمام وزراء کیلئے سرکاری پٹرول بند کر دیا