دلہا دلہن کے لئے سجایا اسٹیج میدان جنگ بن گیا

Mar 10, 2023 | 19:07:PM
دلہا دلہن کے لئے سجایا اسٹیج میدان جنگ بن گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گو گل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) تصویر بنانے پر دلہا اور دلہن کے لئے سجایا گیا اسٹیج میدان جنگ بن گیا، دلہے کے چچا اور بہن سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع دیوریا میں شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی جہاں شادی کی رسومات کے بعد دلہا دلہن کے ساتھ تصویر بنانے پر دلہا دلہن کے رشتہ دار ایک دوسرے سے بحث کرنے لگے۔ تھوڑی دیر بعد یہ بحث و مباحثہ جھگڑے کی صورت اختیار کرگیا۔ دلہا اور دلہن کے خاندان کے افراد ایک دوسرے کو مارنا پیٹنا شروع ہو گئے۔ اس مار پیٹ کے نتیجے میں دلہے کے چچا اور بہن سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہے اور باراتیوں نے  گھر سے شادی ہال تک کا سفر خیرو عافیت اور خوشگوار ماحول میں طے کیا۔ لیکن جب وہ شادی ہال پہنچے اس کے بعد ساری صورت حال ہی بدل گئی۔ شادی کی رسومات بھی بغیر کسی خلل اور مسئلے کے ادا کی گئی۔ آخر میں جب دلہا دلہن نے ایک دوسرے کے گلے میں پھولوں کا ہار ڈالا تو دلہا کے خاندان والوں نے نئے جوڑے کے ساتھ تصاویر بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ دوسری جانب دلہن کے خاندان والوں کا بھی یہ ہی مطالبہ تھا۔ تاہم پہلے تصاویر بنانے کے چکر میں دلہا اور دلہن کے خاندان والوں میں بحث شروع ہو گئی جو کچھ دیر بعد باہمی جھگڑے کا باعث بن گئی۔ 

دلہے کے چچا نے جب جھگڑے کو ختم کر نے اور حالات کو پرسکون بنانے کی خاطر مہمانوں کو چھڑوانے کی کوشش کی تو آگ بگولہ مہمانوں نے اسے بھی زخمی کر دیا اور اسی گہما گہمی میں دلہے کی بہن بھی زخمی ہو گئی۔ 

واقع کی اطلاح موصول ہونے پر علاقے کی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی ہونے والے مہمانوں کو فوری طور پر اسپتال بھیج دیا جس کے بعد دلہے نے شادی سے انکار کر دیا۔ کافی دیر سمجھانے کے بعد دلہے نے شادی کو آگے بڑھانے کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔ پولیس کی موجودگی میں شادی کی بقیہ رسومات کو ادا کیا گیا۔   

واضح رہے کہ بھارتی شادیاں ہمیشہ سے ہی انوکھے واقعات کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ لیکن اس بار شادی ہال میدان جنگ بن گیا جس نے  سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے۔