مستونگ: ریلوے ٹریک کے قریب دھماکا، جعفر ایکسپریس کی5بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عیسیٰ ترین)مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے صبح 9 بجے روانہ ہوئی تھی کہ سپیزنڈ مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر اس وقت دھماکا ہو گیا جب جعفر ایکسپریس گزر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:باجوڑ جرگہ اور عسکریت پسندوں کے درمیان مذاکرات ناکام، ٹارگٹ آپریشن کا فیصلہ
حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ریلوے اور سیکیورٹی اداروں کی ٹیموں نےامدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کے تمام مسافر محفوظ ہیں۔سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ریلوے انتظامیہ مسافروں کو کوئٹہ واپس لائے گی،سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین آپریشن شروع کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
یاد رہے چند روز قبل سبی میں بھی ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔