اسرائیلی حملے میں سابق فلسطینی فٹبال کپتان کی شہادت ، مصری فٹبالر محمد صلاح کا یوئیفا پر طنز

Aug 10, 2025 | 10:36:AM
اسرائیلی حملے میں سابق فلسطینی فٹبال کپتان کی شہادت ، مصری فٹبالر محمد صلاح کا یوئیفا پر طنز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)لیورپول کے معروف مصری فٹبالر محمد صلاح نے یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی ’یوئیفا ’ پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ’فلسطینی فٹبالر سلیمان العبید‘ کی موت کے متعلق مکمل حقائق کیوں نہیں بتائے جا رہے۔

یوئیفا نے حال ہی میں انتقال کر جانے والے سلیمان العبید، جنہیں ’فلسطینی پیلے‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک مختصر پوسٹ میں انہیں ’ایسا باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا جس نے تاریک ترین اوقات میں بھی بچوں کو امید دی‘۔ تاہم، یوئیفا نے ان کی موت کی وجوہات اور حالات کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

محمد صلاح نے یوئیفا کی اسی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایک سادہ مگر پُراثر سوال کیا, ’کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ وہ کیسے مرے، کہاں، اور کیوں؟‘

فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق، ’41 سالہ سلیمان العبید‘ بدھ کے روز جنوبی غزہ میں امدادی سامان کے منتظر شہریوں پر کیے گئے ’اسرائیلی حملے‘ میں جاں بحق ہوئے۔

ابھی تک یوئیفا نے محمد صلاح کے سوال پر یا اس معاملے پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا، حالانکہ ’رائٹرز‘ خبر رساں ایجنسی نے ان سے رابطہ کیا۔

محمد صلاح اس وقت 33 سال کے ہیں اور انگلش پریمیئر لیگ کے بڑے اسٹارز میں شمار ہوتے ہیں۔

 ماضی میں بھی غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

 وہ اس سے قبل بھی جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے عالمی برادری سے عملی اقدامات کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے مطابق، ’مئی کے آخر سے لے کر اب تک‘ غزہ میں امدادی سامان کے مراکز اور قافلوں پر حملوں میں ’1,000 سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں

 یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب وہاں امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے چلنے والا نیا امدادی نظام، ”GHF“ نافذ کیا گیا ہے۔