الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے پروگرام کے تحت 17 ہزار 118 درخواستیں منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)ایکسس ٹو فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے پروگرام کے تحت 17ہزار 118درخواستیں منظور کرلی ہیں، وفاقی وزیر خزانہ نے منظور شدہ قرضوں کو عملی طور پر جاری کرنے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایکسس ٹو فنانس پروگرام اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا ۔ وزارت خزانہ کے مطابق پروگرام کے تحت ایک ہزار 860 الیکٹرک بائیکس فراہم کی جاچکی ہیں، الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 2 ارب 58 کروڑ روپے سے زائد کے قرض منظور کرکے 80 کروڑ روپے زائد رقم جاری بھی کی جا چکی ہے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مالیاتی آگاہی کے 508 میں سے تقریباً 100 پروگرامز پہلے ہی منعقد کیے جاچکے ۔ وزیر خزانہ نے ان کے نتائج اور اثرات کا جائزہ لینے پر زور دیا اور کہا کہ کاروباری افراد کو رسمی مالیاتی نظام تک رسائی آسان بنائی جائے ، معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کو فنانسنگ کی فراہمی بڑھانا ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ فنانسنگ کی منظوری کو حقیقی قرض، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمی میں تبدیل کرنا ہوگا ۔