سانحہ 9 مئی کے اصل رہنما کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا؛ آرمی چیف

9مئی کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل،جنرل عاصم منیر

May 09, 2024 | 18:30:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا‘ اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپکو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب انکے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا،آرمی چیف نے یادگار شہداپر پھول چڑھاے اور مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا،اس موقع پرآرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا ،آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ”دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیررازم کر رہے ہیں ،مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا“
سپہ سالار نے اس بات پر بھی زور دے کر کہا کہ ”پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے“
آرمی چیف نے کہا کہ”بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا“ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم نے افسوس کا اظہار کیا کہ ”اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں“جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔
انہوں نے کہاکہ وہ معصوم لوگ جو ان مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے ان کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا،ان ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے، تاہم اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپکو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب انکے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
 آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ ”شہدااور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا“انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔
بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ”ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں“۔