حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم ذخائر کو تسلی بخش قرار دے دیا 

Mar 09, 2026 | 20:50:PM
حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم ذخائر کو تسلی بخش قرار دے دیا 
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )حکومت نے ملک میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم ذخائر کے یومیہ جائزہ اجلاس کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم ذخائر کا جائزہ لیا گیا،حکومتی کمیٹی نے قرار دیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں۔

وزارت خزانہ نے موقف اپنایا کہ پیٹرولیم سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کے متعدد کارگو راستے میں ہیں ، عالمی حالات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے ،حکومت عالمی تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے ۔

وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی برقرار رکھنے کے انتظامات مکمل ہیں ، خام تیل کی درآمدات، ریفائنری آپریشنز اور شپنگ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، ملکی سطح پر ایندھن کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ایندھن کی بچت اور مؤثر استعمال کے لیے مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔

اجلاس کے دوران وزارت خزانہ نے موقف اپنایا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی پر قریبی رابطہ ہے ، پیٹرول پمپس پر نگرانی اور معائنوں کا نظام مزید مؤثر بنا یا جائے گا، پیٹرولیم ذخائر اور سپلائی کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے ۔

وزیر خزانہ نے موقف اپنایا کہ حکومت توانائی کے شعبے کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہی ہے،  عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی سپلائی پوزیشن مستحکم ہے ، حکومت عالمی توانائی مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ بروقت اقدامات سے ملک میں ایندھن کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا ، پیٹرولیم ذخائر اور سپلائی کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں افسران کے تقرر وتبادلے