پنجاب میں سردی کا راج برقرار،حد نگاہ میں کمی پر موٹر وے بند

Jan 09, 2024 | 10:16:AM
پنجاب میں سردی کا راج برقرار،حد نگاہ میں کمی پر موٹر وے بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاطمہ عارف، عائمہ )ملک میں سردی کی شدت میں کمی نہ آ سکی،بالائی علاقوں میں بارش اوربرفباری جبکہ میدانی علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

ترجمان محکمہ موسمیات  کے مطابق کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے اکثر علاقوں میں موسم شدید سرد، خشک اور دھند چھائی رہی، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 6، زیادہ سے زیادہ 14سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد رہا، دھند اور سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان  ہے جبکہ  اَ بر رحمت کے منتظر شہری موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 200ریکارڈ  کی گئی ، جس کے بعد  لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا،فیز 8 ڈی ایچ اے 238،کینٹ پولو گراؤنڈ میں آلودگی کی شرح 253ریکارڈ،ایچی سن کالج 203، شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 220ریکارڈ کیا گیا ہے ، جبکہ  آئندہ24گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں سردی کا راج برقرار، ٹریفک بند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے

 محکمہ موسمیات کے مطابق  آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارنگ منڈی، نارووال، سرگودھا، بدوملہی، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان سمیت ملک کی میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کاا مکان ہے۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہرات پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 4 کو شور کوٹ سے پنڈی بھٹیاں اور موٹروے ایم 5 کو شیر شاہ سے اوچ شریف تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔

سید عمران احمد نے مزید کہا کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔