اسرائیلی بمباری کا آفٹرمیتھ؛ غزہ میں ملبہ ہٹانے سے 19لاشیں مل گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے تین سال پہلے تباہ ہونے والی عمارات کا ملبہ ہٹانے اور ملبہ میں موجود لاشوں کو تلاش کرنے کا کام آگے بڑھ رہا ہے۔ سول ڈیفنس کی خصوصی ٹیموں نے مغربی غزہ شہر میں تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے 19 افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملبہ ہٹانے والی ٹیموں نے مغربی غزہ شہر کی السینا سٹریٹ پر واقع ایک کئی منزلہ رہائشی عمارت میں چار روزہ سرچ اینڈ ریکوری آپریشن مکمل کیا، جہاں اسرائیلی حملے کے دوران تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبی 19 لاشوں کی باقیات نکالی گئیں۔
غزہ سول ڈیفنس کے باڈی ریکوری پراجیکٹ کے ایگزیکٹو سپروائزر محمد ابو دان کے مطابق مخصوص مقام پر تلاشی اور لاشوں کی بازیابی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد خصوصی یونٹس غزہ شہر کے دوسرے علاقے میں منتقل ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی لاشوں کی بازیابی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے، جو 19 جولائی کو شروع کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت غزہ میں تباہ شدہ 147 گھروں کے ملبے تلے موجود ایک ہزار 72 لاشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے کا آپریشن نتہائی محدود وسائل کے ساتھ جاری ہے، جن میں ایک کھدائی کرنے والی مشین، ایک بلڈوزر اور ایک ٹرک شامل ہیں، جبکہ بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کی جانب سے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی کی اوچھی حرکتیں،احتجاج کے دوران سٹوڈنٹ لیڈر پر سیاہی پھینک دی گئی