امریکا ایران جنگ بندی پاکستان کی سفارتی کامیابی، بھارت کی اسٹریٹجک ناکامی ہے: ششی تھرور کا اعتراف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف سیاستدان اور سابق سفارتکار ششی تھرور نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی سطح پر بدلتی صورتحال میں پاکستان ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جبکہ بھارت سفارتی میدان میں پیچھے رہتا دکھائی دے رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ششی تھرور نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں پاکستان کو ایران جنگ کے خاتمے میں کردار دینے کا ذکر حیران کن ہے اور یہ بھارت کے لیے ایک اسٹریٹجک ناکامی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود کو عالمی سطح پر ایک استحکام فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے جبکہ بھارت اپنی سفارتی حیثیت کھو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت سنجیدہ عالمی معاملات کے بجائے غیر اہم موضوعات پر توجہ دی جا رہی ہے، جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ،بڑی خبر آ گئی
ششی تھرور کے مطابق بدلتی عالمی صورتحال میں خاموش رہنا دانشمندی نہیں بلکہ اندھی وفاداری کے مترادف ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت اپنی خارجہ پالیسی پر سنجیدگی سے نظرثانی کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اگر بھارت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو اسے سفارتی سطح پر مزید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ششی تھرور بھارت کے سینئر سیاستدان، سابق سفارتکار اور معروف مصنف ہیں، وہ اقوام متحدہ میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے کے بعد بھارتی سیاست میں آئے اور انڈین نیشنل کانگریس کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے، وہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور بھی رہ چکے ہیں اور عالمی سیاست، تاریخ اور خارجہ پالیسی پر اپنی گہری رائے کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔