بارشوں کا الرٹ جاری،آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں بادل خوب برسیں گے

Sep 08, 2025 | 17:37:PM
بارشوں کا الرٹ جاری،آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں بادل خوب برسیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی+اسرار خان +رضا خان)این ڈی ایم اے نے تازہ ترین اپ ڈیٹ  جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پنجاب، سندھ اوربلوچستان میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا امکان ہے ۔ موٹروے پولیس کے  مطابق قومی شاہراہ کے  ایم 2 اور ایم 3  پر بارش ہے۔ملتان میں بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ ہے اور کئی شاہراہیں اور علاقے ڈوب گئے ہیں۔
 تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، حافظ آباد، فیصل آباد، چنیوٹ اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے اس کے علاوہملتان، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر،مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، خانپور، راجن پور، لیاقت پور، ظاہرپیر،صادق آباداور رحیم یار خان کے علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال، ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

سندھ کے جنوبی اضلاع میں اگلے 12 تا 24 گھنٹے گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔ جنوبی اضلاع بشمول ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی، عمر کوٹ، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو آدم، حیدرآباد، کراچی اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں بھی اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔
 سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، خیرپور، دادو، جیکب آباد، کشمور، جامشورو اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
 بلوچستان کے،متعدد اضلاع میں اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ژوب، لورالائی، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خضدار، آواران، بارکھان اور لسبیلہ کے علاقوں آندھی طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہےلینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، سفر سے پہلے موسمی صورتحال چیک کریں۔

ادھر ملتان میں  ایک ہی دن میں بارش کا تیسرا  تیز ترین سپل  دیکھا گیا۔بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ، کئی شاہراہیں اور علاقے ڈوب گئے۔سب سے زیادہ بارش پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل اسٹیشن پر 133 ملی میٹر ریکارڈ ،کینٹ، کملہ چوک، ریلوے روڈ، شیر شاہ پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی ،ملتان، کڑی جمنداں ڈسپوزل اسٹیشن پر 121 ملی میٹر بارش ہوئی ، اس کے علاوہ ممتاز آباد، وہاڑی چوک، شاہ شمس کالونی، خونی برج پر تیز بارش ہوئی ۔

ترجمان موٹروےپولیس کے مطابق سنٹرل ریجن کے مختلف مقامات پر  موسلا دھار بارش ہے،موٹروے ایم 2 پر کوٹ مومن سے بابو صابو  تک بارش ہے،ایم 3 پر جڑانوالہ سے درخانہ تک بارش ہے۔قومی شاہراہ پر مانگا منڈی ، پتوکی ،اوکاڑہ، ساہیوال سے میاں چنوں تک بارش ہے ۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران  محتاط ڈرائیونگ کریں۔

یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان سے سوال کرنا جرم ،اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کا صحافیوں پر حملہ