آزاد کشمیر الیکشن: مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل، نواز شریف کے دورے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی سربراہ نواز شریف نے انتخابی مہم میں آزاد کشمیر جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جون کے وسط میں آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھی آزاد کشمیر کے انتخابی دوروں کا امکان ہے۔
نواز شریف نے شہباز شریف اور مریم نواز کو بطور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ انتخابی مہم میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے آزاد کشمیر میں دو سے تین جلسے متوقع ہیں۔
پارلیمانی بورڈ اجلاس میں نواز شریف نے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔
ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے، جبکہ ہر امیدوار کو گفتگو کے لیے دو سے تین منٹ دیے گئے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف بورڈ ارکان کی مشاورت سے دو سے تین روز میں حتمی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں سے پارٹی وابستگی اور عوامی مقبولیت سے متعلق سوالات کیے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے لیے امیر مقام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں امیدواروں نے گزشتہ پانچ برس کے دوران نظریہ پاکستان اور نظریہ تحریک آزادی کو نقصان پہنچنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
امیدواروں کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور مسلم لیگ ن ہی کشمیریوں کے نظریے اور شہدا کی حقیقی وارث جماعت ہے۔
پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ میں خود کشمیری ہوں اور کشمیریوں سے محبت میرے خون میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر انتخابات میں خود جا کر اپنے امیدواروں کے لیے ووٹ مانگیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی۔
مزید پڑھیں:اپنا گھر پروگرام: ہزاروں درخواستیں منظور، اربوں روپے جاری