بھارت کی افغانستان کیخلاف اننگز اور 300 رنز سے تاریخ ساز فتح
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں بھارت نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 300 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز کے اعتبار سے اپنی سب سے بڑی فتح حاصل کر لی۔
بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیئر کی۔ کپتان شبمن گل 126 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کے ایل راہول نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 100 رنز بنائے۔ سائے سدھرشن اور رشبھ پنت نے 81، 81 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔
افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ضیا الرحمان اور حشمت اللہ شاہدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں افغان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز بنا سکی۔ بھارت نے فالو آن کروایا تو افغانستان کی دوسری اننگز بھی 112 رنز پر سمٹ گئی۔
افغانستان کی پہلی اننگز میں رحمت شاہ 60 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ دوسری اننگز میں صدیق اللہ اتل نے 42 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے مانوو ستھر نے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے افغان بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ دوسری اننگز میں کلدیپ یادیو اور واشنگٹن سندر نے مؤثر باؤلنگ کرتے ہوئے ٹیم کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ کامیابی اننگز کے فرق سے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی سب سے بڑی فتح ہے، جبکہ افغانستان کو بھی اپنی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل بھی افغانستان کی اننگز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست بھارت کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی، جب 2018 میں بھارتی ٹیم نے اسے اننگز اور 262 رنز سے ہرایا تھا۔
یہ بھی پڑحیں :وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم