ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی،سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

Jul 08, 2025 | 19:11:PM
ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی،سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بیشترعلاقوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔ 

 آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ پنجاب ،خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی /جنوبی بلوچستان اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اس دوران کشمیر،شمال مشرقی، پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ، شمال مشرقی،جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز /موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ 

بدھ کے روز موسم کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں،گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر تیز موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں جیسے دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، ہنگو ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر تیز  موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

 پنجاب کے مری، گلیات ، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال،لاہور،شیخوپورہ،قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ،اوکاڑہ ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر  موسلادھار بارش متوقع ہے۔  

بلوچستان  کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے تا ہم بارکھان، کوہلو ، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی ، لورالائی ، ژوب اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

 سندھ   کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے جبکہ اس دوران ساحلی علاقوں سمیت کراچی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

 کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
 آج  زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین 45، چلاس 42، تربت،بہاولنگر اور نور پور تھل میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 دوسری جانب محکمہ موسمیات نے  انتباہ جاری کرتے ہوئے 08 سے10 جولائی کے دوران  شدیدموسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد،راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان ( بارکھان، کوہلو ، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی ،نصیر آباد، سبی ،لورالائی ، ژوب ، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، تربت )کے مقامی  بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔  
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات اورکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے،اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سےعوام الناس کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: شہر میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب