بریٹ لی آسٹریلیا چھوڑکردبئی منتقل،وجہ بھی سامنے آ گئی

Feb 08, 2026 | 21:44:PM
بریٹ لی آسٹریلیا چھوڑکردبئی منتقل،وجہ بھی سامنے آ گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر اور کرکٹ لیجنڈ بریٹ لی نے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا  جہاں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کی وجوہات اور اپنے تجربات کا تفصیل سے ذکر کیا۔

 بریٹ لی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ابتدا میں کام کے سلسلے میں کیے جانے والے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہو گئے جس کے بعد انہوں نے دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے کا فیصلہ کیا، ان کے مطابق دبئی اب ان کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع موجود ہیں بلکہ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی میسر ہے۔

سابق فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں انہیں بہترین لوگ، نئے مواقع اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ہے، انہوں نے اس شہر کے ماحول کو بے حد متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے، ان کے مطابق دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔

 بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے دبئی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، یہاں کے  سکول اعلیٰ معیار کے ہیں اور کھیلوں کی سہولیات ہر جگہ دستیاب ہیں جو بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ خاندان کے لیے یہ ماحول نہایت موزوں ثابت ہو رہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے آسٹریلیا سے اپنی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے وطن کو گھر کہنے پر فخر رہے گا، ان کے مطابق آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی اور یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی اور وہ کبھی تبدیل نہیں ہو سکتیں  تاہم بریٹ لی کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے۔

یہاں کا ماحول، امکانات اور مثبت توانائی انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے، اور یہی چیز انہیں اس شہر سے خاص طور پر جوڑے ہوئے ہے۔