وزیراعظم شہبازشریف دورہ ملائیشیا مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ

Oct 07, 2025 | 15:06:PM
وزیراعظم شہبازشریف دورہ ملائیشیا مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیاء کا سرکاری دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کو الوداع کہنے کے لیے ملائیشیاء کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم خود کوالالمپور کے بنگا رایا ایئرپورٹ پر آئے،اس دورے کے دوران غیر معمولی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔

قبل ازیں وزیراعظم کی ملائیشیاء آمد پر بھی ملائیشیاء کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم پاکستان کو ان کی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھے۔

ملائیشیاء کے وزیراعظم نے شہباز شریف کو ان کے دورہ ملائیشیاء کی تصاویر پر مبنی یادگاری البم بھی پیش کی۔

وزیراعظم کو ان کی رہائش سے ائیرپورٹ تک غیر معمولی سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔

کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے ملائیشیاء کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم، ملائیشیاء میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

یہ بھی پڑھیں:26ویں آئینی ترمیم کا کیس سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر ہوگا

اپنے دورہء ملائیشیاء کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، ملائیشیاء کے انتظامی مرکز پتراجایا گئے جہاں وزیراعظم آفس (پردانا پترا) آمد پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا ؛ انہیں ملائیشیاء کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیاء کے وزیر اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔

دونوں وزرائے اعظم نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے۔

وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیاء کے وزیراعظم نے پاکستان ملائیشیاء بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی۔

وزیراعظم کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیاء کی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی گئی۔

وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔