سمجھ نہیں آ رہا کہ پیپلزپارٹی چاہ کیا رہی ہے؟عظمیٰ بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاق کو کمزور کرنا ہے اس لیے پنجاب حکومت کو نشانہ بنایا، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ پیپلزپارٹی چاہ کیا رہی ہے؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر معافی تلافی کا معاملہ ہے تو سندھ حکومت کی طرف سے بہت معافیاں ادھار ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟ شروع بھی انہوں نے کیا تھا ، ختم کرنا بھی ان کے بس میں ہے، مریم نواز پنجاب کی بات نہ کریں تو پھر وہ وزیراعلیٰ کیوں ہیں؟سندھ والے ہر بات پر سندھ کارڈ کھیلتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے روز پریس کانفرنسں کی جارہی ہیں، روز گالیاں دی جارہی ہیں، اگر ان کو جواب نہ دیں تو کیا کریں؟ کیا ہمارے لوگ پریس کانفرنس نہیں کرسکتے ، سخت زبان استعمال نہیں کرسکتے، ہم سخت بات کرسکتے ہیں لیکن ہمارے پاس وقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کا مسئلہ کیا ہے؟ سندھ کو پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا ہے؟ شیری رحمان نے سینیٹ میں کہا کہ اتنی بڑی مصیبت آئی ہے ہمیں کام کرنے دیں، ہم بھی تو یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کام کرنے دیں، آپ کا مشورہ سر آنکھوں پر ، ہم نے آپ کے مشورے پر جواب دے دیا، صوبائیت کارڈ تو ہر وقت سندھ کی طرف سے کھیلا جاتا ہے، سیلاب کے معاملے پر پیپلزپارٹی نےکہاں مدد کی ہے؟
مزید پڑھیں:بھارت معرکہ حق میں پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گراسکا: پاک فوج
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے سروے پر بہت سے سوالات اٹھے، یہ سروے غربت کے لیے ہے اور پنجاب میں سروے مختلف نوعیت کا ہورہا ہے، میں نے کہا تھا کہ بی آئی ایس پی کا سروے مختلف ہے، اس کی بنیاد پر پنجاب حکومت پر یلغار کی گئی ، یہ کہاں کی سیاست ہے، سیلاب متاثرین کے لیے سروے ہورہا ہے، 17 اکتوبر کو سیلاب متاثرین کو چیکس تقسیم کیے جائیں گے، ایک ماہ میں نقصانات کا سروے کراکر سیلاب متاثرین کو اپنے گھروں میں بسانا ہمارا ٹاسک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اچھے انداز میں پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑا، ہماری کوشش ہوتی ہے پیپلزپارٹی کو عزت دی جائے اور امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی عزت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے قصور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی تھی، اچھا ہوتا کہ بلاول وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ سیلاب کے معاملے پر مل کر کام کرتے، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم پنجاب میں بحرانوں پر قابو پارہی ہے، اس پرسیاست نہیں ہونی چاہئے، اپنے اپنے صوبوں میں اپنا اپنا کام کرنا ہوگا۔