اسرائیل کا غزہ پٹی پر قبضے کا منصوبہ،جنگ بندی سے انکار

Nov 07, 2023 | 10:18:AM
اسرائیل کا غزہ پٹی پر قبضے کا منصوبہ،جنگ بندی سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسرائیلی فورسز کے حملے تیز ،فلسطینی شہدا کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ۔اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ کی پٹی پر قبضے کا منصوبہ، یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا۔

اسرائیلی فوج نےگزشتہ روز غزہ میں حماس کو نشانہ بنانےکیلئے شدید حملوں میں اضافہ کردیا، اسرائیل کی فورسز نے غزہ کو دو حصوں شمالی اور جنوبی علاقوں میں تقسیم کر دیا ہے، اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کا محاصرہ کرکے محصور مقام کے شمالی حصے کو باقی علاقے سے کاٹ دیا ، اسرائیلی فورسز جلد غزہ شہر میں داخل ہوں گی، حماس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی جائیں گی۔

دوسری جانب حماس سمیت دیگر مزاحمتی تنظیمیں بھی اسرائیلی فورسز سے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، سرنگوں کے نیٹ ورک سے اسرائیلی فورسز کا مقابلہ کریں گی، اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن نریکس نے کہا ہےکہ حماس کے جنگجو چاہے زیر زمین ہوں یا زمین کے اوپر انہیں ختم کر دیں گے۔

غیر ملکی ٹی وی اے بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمہ داری سنبھالے گا، اس وقت حماس کی وجہ سے اسرائیل کے پاس سکیورٹی کی ذمے داری نہیں ہے۔غزہ میں اس وقت تک جنگ بندی نہیں ہو گی جب تک حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔


اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کے جنوبی اور شمالی علاقوں کو درمیان سے تقسیم کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کے مزید علاقوں پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا۔


دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے تین اسپتالوں پر بمباری کی جس میں غزہ سٹی کے نصر میڈیکل کمپلیکس، القدس اسپتال اور بیت ہانوں میں کمال عدوان اسپتال پر حملے کیے گئے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، مرنے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں۔مغربی کنارے میں بھی اسرائیل نے فضائی حملے اور کارروائیاں تیز کردی ہیں جہاں طولکرم میں ایک گھر پر ڈرون حملہ کیا گیا جب کہ کار سوار فلسطینیوں پر انتہائی نزدیک سے فائرنگ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مغربی کنارے میں 10 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا جب کہ غزہ میں لائیو کوریج کے دوران اسرائیلی میزائل قطری ٹی وی کے بیورو چیف اور رپورٹرز کے نزدیک گرا جس میں صحافی محفوظ رہے۔

اسرائیل فلسطین جنگ سے غزہ بچوں کا قبرستان بن رہا ہے:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

غزہ میں معصوم بچوں کی دردناک شہادت پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بھی غمزدہ،انتونیو گوتریس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین جنگ سے غزہ بچوں کا قبرستان بن رہا ہے،ہر روز سیکڑوں بچے، بچیاں مارے جا رہے ہیں اور زخمی ہو رہے ہیں،غزہ میں 31 روز سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد4ہزار104 ہو گئی۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حالیہ ہفتوں میں اقوام متحدہ کے اتنے امدادی کارکن جان سے جاچکے ہیں جو ہمارے ادارے کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے جان سے جانے والے 89 امدادی کارکنان کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

اسکاٹ لینڈ تاریخ اور انسانیت کے ساتھ ہے:حمزہ یوسف

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ غزہ پر30 دن کی بمباری میں 10 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں 4 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔ اگر آپ فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ نہیں کررہے تو آپ واضح طور پر معصوم لوگوں کو بچانے کے قابل نہیں ہیں، اسکاٹ لینڈ تاریخ اور انسانیت کے ساتھ ہے۔

 
خیال رہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث 6 نومبر کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی 18 عالمی تنظیموں کے سربراہان نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں انسانی بنیادوں پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا گیا۔