بھارت نےحملہ کرکے فاش غلطی کی،اسکو اپنی غلطی کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات حملہ کرکے فاش غلطی کی، بھارت کو اپنی غلطی کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، بھارت سمجھ رہا تھا کہ ہم خاموش بیٹھ جائیں گے،خون کے آخری قطرے تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، بھارت نے جو کیا ہے اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ پاکستانی قوم بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے، جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے، جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیک پر مجبورکردیا، گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اللہ کے فضل و کریم سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، بھارت اپنے جنگی طیاروں پر بہت غرور کرتا تھا، ہمارے شاہینوں نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں نے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں، ایک شہید بچے کاجنازہ ابھی پڑھ کرآئے ہیں، 7 برس کا ننھا پھول شہید کے رتبے پر فائز ہوگیا، ہماری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت،لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے 7 سالہ بیٹے کی نماز جنازہ ادا