پاکستان اور مراکش کے درمیان زرعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

Jul 07, 2026 | 18:42:PM
پاکستان اور مراکش کے درمیان زرعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے آج رباط میں مراکش کے وزیر زراعت، ماہی گیری، دیہی ترقی اور جنگلات عالی جناب احمد البواری سے ملاقات کی، جس میں زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات نہایت خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی، جو پاکستان اور مملکتِ مراکش کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی عکاس تھی۔ دونوں وزراء نے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور زرعی تجارت، لائیو اسٹاک کی ترقی، استعدادِ کار میں اضافے اور تکنیکی مہارت و تجربات کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان زرعی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے عالی جناب احمد البواری کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ اس دعوت کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ دونوں وزراء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کے باہمی تبادلوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور زرعی شعبے میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا،فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک