عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ 

Jul 07, 2026 | 09:53:AM
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں منگل کو خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور سپلائی میں اضافے کے امکانات کے باعث قیمتوں میں تیزی محدود رہی۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے سودے 38 سینٹ اضافے کے بعد 72.37 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 30 سینٹ اضافے کے ساتھ 68.85 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سپلائی کی بحالی کے اقدامات سے فوری خطرات میں کمی آئی ہے، تاہم امریکا اور ایران کے تعلقات میں غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ محتاط ہے، سرمایہ کاروں کی نظریں بالخصوص چین میں تیل کی طلب میں ممکنہ اضافے پر ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور خلیجی ممالک سے تیل کی برآمدات کی بحالی عالمی منڈی کے اہم عوامل ہیں،جاپانی ملکیت کے سپر ٹینکرز بھی سعودی عرب سے خام تیل لے کر آبنائے ہرمز کے راستے روانگی کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:زیارت میں دہشتگردوں کا حملہ، 9 پولیس اہلکار شہید

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے جون میں خام تیل کی پیداوار یومیہ 38 لاکھ بیرل سے تجاوز کر دی، جو اپریل 2020 کے بعد بلند ترین سطح ہے، اوپیک پلس نے بھی اگست سے پیداوار میں مزید ایک لاکھ 88 ہزار بیرل یومیہ اضافے پر اتفاق کیا ہے۔

سعودی عرب نے ایشیائی خریداروں کے لیے اپنے مرکزی خام تیل ”عرب لائٹ“ کی قیمت میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 11 ڈالر فی بیرل کمی کی ہے، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے میں سب سے بڑی کمی قرار دی جا رہی ہے۔