پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر عدالت برہم، چیف کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس

Sep 06, 2023 | 11:46:AM
پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر عدالت برہم، چیف کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)لاہورہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب وپاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کی بازیابی کیلئے کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مرزا وقاص رؤف کی عدالت میں ہوئی لیکن عدالتی حکم کے باوجود آج بھی چودھری پرویز الٰہی کو پیش نہیں کیا گیا،سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عارف شہزاد، ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان اور پنجاب حکومت کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس مرزا وقاص رؤف نے چودھری پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو کیسے نظر انداز کیا گیا،پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے کہا کہ عدالت کے احکامات کو نظر انداز کرنا الگ مسئلہ ہے،لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد پولیس نے چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کیا، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم موجود ہے تو آپ کا اس پرکیا مؤقف ہے، عدالتی حکم بہت صاف تھا مگر انہیں گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تیل کے حوالے سے وزارت توانائی نے بڑا اعلان کر دیا

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ پمز میں پرویز الٰہی کولےکر گئے، سکیورٹی کی وجہ سے پولیس لائن میں رکھا، یہاں لانا مشکل ہے، لاہور ہائیکورٹ نے پوچھا کہ یہاں سے لے جاتے ہوئے کوئی مشکل نہیں تھی، پرویز الٰہی کو پیش کرنا کسی کی انا کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے،عدالت نے کہا کہ آئی جی سپریم کورٹ اور چیف کمشنراسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے، توہین عدالت کی کارروائی ان افسران کیخلاف الگ سے جاری رہے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا چیف کمشنر اسلام آباد نے اس عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی، چیف کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے، افسران 7 روز میں اپنا جواب داخل کرائیں۔