روس موجودہ تنائو میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،صدر زرداری کا سفارتخانے کی تقریب میں خطاب

May 06, 2025 | 19:33:PM
 روس موجودہ تنائو میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،صدر زرداری کا سفارتخانے کی تقریب میں خطاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میں روسی صدر پوٹن کے پاک روس تعلقات کے فروغ میں کردار کو سراہتا ہوں،پاکستان روس کو عالمی طاقت تسلیم کرتا ہے،روس موجودہ تنائو میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج روسی سفارت خانے میں محب وطن جنگ و عظیم فتح کے حوالے سے عشائیے کا انتظام کیا گیا ، اس تقریب میں شرکت کیلئے صدر آصف علی زرداری روسی سفارت خانے پہنچے ، تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق, گورنر کے پی فیصل کریم کندی, اعجاز الحق سمیت بڑی تعداد میں سفارتی,  سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔صدر مملکت کا سفارتخانے پہنچنے پر روسی سفیر البرٹ خورئیو نے استقبال کیا،تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔اس موقع پر روسی سفیر البرٹ خورئیو نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ ہم عظیم فتح کی 80 ویں سالگرہ منا رہے ہیں،ہم نے نازی جرمنی کو شکست دی تھی،یہ اچھائی کی برائی پر فتح تھی،اس عرصہ میں سویت یونین نے بے تحاشہ قربانیوں کے بعد جرمنوں کو پیچھے دھکیل دیا،ہمارے ملک نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یورپ اور ایشیا کے بے شمار عوام کو آزادی دلائی،آج اس عظیم جنگ کے عظیم معرکوں کو یاد کرنا ضروری ہے جس نے وقت کا رخ پھیرا،کوہ قاف کا معرکہ ایک برس جاری رہا, سٹالن گراڈ کی جنگ سخت جنگ تھی،ہم آج کے دن 27 ملین سویت شہریوں کو یاد کرتے ہیں ،آج یہ راز نہیں رہا کہ جرمن نازی فوجیوں نے نسل کشی کی،کچھ ایسے ہیرو بھی ہیں جن کی یاد ہمارے ذہن میں آج بھی محفوظ ہے،سویت عسکری کمانڈروں کے بغیر یہ فتح ممکن نہیں تھی،تاہم بہت سے گمنام ہیرو بھی ہیں۔فوجیوں اور عوام کی قربانیوں کی یاد میں روسی سفارتخانے میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ روسی سفیر نے مزید کہا کہ کالونیل طاقتوں نے تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسیوں کو اپنایا،یوکرین میں انتہا پسند نازیوں کی شرپسندی پر خصوصی آپریشن کا آغاز کیا گیا،ہم اپنے ملک,خطے اور دنیا کے لیے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،ہم بیلا روس کے ساتھ مل کر یورو ایشین  چارٹر اختیار کر رہے ہیں،اس فتح عظیم کے موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع  صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی سفارتخانے میں عشائیے سے خطاب میں کہا کہ آج روسی فیڈریشن کے 80 ویں یوم فتح ہر مسرت ہے،ہم روسی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،فتح کے لیے بہت سی قربانیاں دی گئی تب نازی ازم کو شکست ہوئی،میں روسی صدر پوٹن کے پاک روس تعلقات کے فروغ میں کردار کو سراہتا ہوں،پاکستان روس کو عالمی طاقت تسلیم کرتا ہے،روس موجودہ تناو میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،ہم اس اہم موقع پر انڈرسٹینڈنگ اور اعتماد کے پل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
عشائیے میں روسی سفیر نے صدر مملکت اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ کیک کاٹا ،روسی سفارت خانے میں روسی فنکاروں کے خصوصی طائفہ نے رقص پرفارمنس بھی پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:ہالی ووڈ  سٹار پین بیجلی کا قرآن پاک پڑھنے اور پاس رکھ کر سونے کا انکشاف