ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

Mar 06, 2024 | 09:55:AM
ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کومل اسلم)محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا, بلوچستان ،بالائی پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری  کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان ، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ وفاقی دارلحکومت  اسلام آباد میں موسم سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔

محکمے  نے کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبد اللہ، زیارت، ژوب،شیرانی،موسی ٰ خیل، قلات، خضدار، چاغی اور پنجگور میں بارش کی پیشگوئی ہے،جبکہ تربت، واشک، دالبندین، خاران،گوادر،جیوانی اورپسنی میں مزید بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

 پنجاب میں بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، خوشاب،میانوالی، چکوال، راولپنڈی، جہلم، اٹک، سیالکوٹ، گجرات، نارووال میں بارش کی پیشگوئی جبکہ مری،گلیات اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ  شہر لاہور  میں آئندہ 24گھنٹے تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہےجبکہ  شہر لاہور آلودگی کی شرح 181ریکارڈ  کی گئی ،جس کے  لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا۔

ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ اور آلودگی کی شرح فیز 8 ڈی ایچ اے 188،امریکی قونصلیٹ میں شرح 195،ٹھوکر 190،فدا حسین روڈ پر آلودگی کی شرح 175 ریکارڈکی گئی جبکہ  سورج کی ہلکی کرنیں ،تیز ہواؤں سے ٹھنڈک کا احساس برقرار ہے ،شہر میں 4کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ہوائیں چلنے لگیں۔
ماہرین  کا کہنا ہے  کہ آنے والے دنوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ 12اور13مارچ کوشہر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو گا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہےجبکہ دیر،چترال،کوہستان،شانگلہ،سوات،بونیر،ایبٹ آباد،مانسہرہ،پشاور، نوشہرہ،کوہاٹ، کرم،بنوں اور وزیرستان میں بارش کی پیشگوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا: چھوٹا طیارہ گرکرتباہ، 5 افراد ہلاک

رپورٹ کے مطابق  بلوچستان کے بیشتر علاقوں  میں  مغربی موسمی سسٹم داخل ہوگیا ،پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

چمن شہر میں بارش اور کوژک ٹاپ قومی شاہراہ پر برفباری کا سلسلہ جاری، جبکہ قلعہ عبداللّٰہ، شیلاباغ، سرانان، گلستان، جنگل پیر علیزئی، پشین، خانوزئی، تربت، پنجگور اور خاران میں بھی بارش ہوئی،اس کے علاوہ کوژک ٹاپ، توبہ کاکڑی، خواجہ عمران، زیارت، توبہ اچکزئی، کان مہترزئی سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی،لیویز حکام کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اطہر عباس نے کہا کہ رابطہ سڑکوں سے برف صاف کرنے کے لیے بلڈوزروں سے روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بالائی علاقوں کے شہر سے زمینی رابطے بحال ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، جس سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے حالیہ سسٹم کے اثرات سے کراچی میں ہواؤں کی رفتار تیز ہوگی، تندوتیز ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جبکہ دن کے بیشتر اوقات میں ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق9مارچ کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، 9 مارچ والا مغربی سسٹم کراچی سمیت دیہی سندھ تک بھی پھیل سکتاہے،اس سسٹم کے باعث 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔