افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کیخلاف انٹیلی جنس کارروائیاں جاری رہیں گی، کور کمانڈرز شرکاء
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلال جُرأت، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس، افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
فورم کے مطابق خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خودساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ اُن کے زیر ِ تسلط زمین پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال نہ ہوں۔
کورکمانڈر کانفرنس کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے،پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
یہ لازم ہے کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے، ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ جو نہ صرف عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مرکوز ہو بلکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑے ، معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دُشمن چاہتا ہے کہ کسی طرح ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلائی جائے ۔
فورم اس عزم کااعادہ کیا گیا کہ بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا ،علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کے تعمیری کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے شرکاء کانفرنس نے واضح کیاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے، افواج پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعا گریز نہیں کریں گی ۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا گیا، خطے کے امن کا انحصار کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت فراہم کرنے پر ہے،تمام کمانڈرز جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل کریں،پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان سے ملاقات کا دن، فہرست جیل حکام کو ارسال