شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا

Aug 06, 2025 | 22:30:PM
شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا
کیپشن: شیخ وقاص اکرم، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کی 40 روز تک بغیر رخصت ایوان سے غیر حاضری پر رکنیت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس حوالے سے قرارداد 7 روز بعد ووٹنگ کے لیے ایوان میں پیش کی جائے گی جو رواں سیشن کے دوران ہی طے ہوگی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو پہلے ہی شیخ وقاص اکرم کی بغیر درخواست مسلسل غیر حاضری سے آگاہ کر دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی نوشین افتخار نے آئین کے آرٹیکل 64 کی شق 2 کے تحت شیخ وقاص کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک پیش کی تھی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولز کے مطابق کارروائی کی ہدایت دی۔

ذرائع کے مطابق قرارداد کی منظوری کے بعد شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے الیکشن کمیشن سے نااہل ارکان کی فہرست موصول ہونے کے بعد کارروائی شروع کر دی ہے اور ارکان کے ریکارڈ اور فہرست کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے جبکہ نااہل ارکان کو فہرست سے خارج کرنے کے بعد نئی فہرست اور پارٹی پوزیشن جلد جاری کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بھی نئے ریکارڈ کے مطابق فوری طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:افریقی ملک میں فوجی ہیلی کاپٹرکو حادثہ، وزیر دفاع سمیت 9 افراد ہلاک