برمنگھم:مسلم سیاسی رہنما کے گھر کے باہر کار کو آگ لگا دی گئی، تفتیش شروع

Jun 05, 2026 | 15:30:PM
برمنگھم:مسلم سیاسی رہنما کے گھر کے باہر کار کو آگ لگا دی گئی، تفتیش شروع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک سیاسی کارکن کے گھر کے باہر کار کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہڈ پہنے شخص گاڑی پر مائع (پیٹرول ہونے کا شبہ) چھڑک رہا ہے جبکہ ایک دوسرا شخص اس کارروائی کی ویڈیو بنا رہا تھا، اس کے کچھ ہی دیر بعد گاڑی کو آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں وہ چند منٹوں میں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔

واقعہ رات تقریباً 1:20 بجے کے قریب پیش آیا جب گاڑی گھر کی ڈرائیو وے پر کھڑی تھی، آگ اتنی شدید تھی کہ سیاہ دھواں دور سے بھی دیکھا جا رہا تھا۔

اہلِ خانہ کے مطابق وہ دھماکے جیسی آواز اور روشنی سے بیدار ہوئے اور فوری طور پر باہر نکلے تو گاڑی جل رہی تھی، انہوں نے پانی اور بالٹیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاکہ آگ دوسرے گاڑی اور گھر تک نہ پہنچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں:انجن فیل!طیارہ مصروف سڑک پر گر گیا

فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

یہ گھر سیاسی کارکن سلمہ یعقوب کا بتایا جا رہا ہے، جو ماضی میں ریسپیکٹ پارٹی کی رہنما رہ چکی ہیں اور اس وقت سیاسی سرگرمیوں میں بھی متحرک ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔