تھائی لینڈ :ہاتھی نے سپر مارکیٹ پر دھاوا بول دیا

Jun 05, 2025 | 09:30:AM
تھائی لینڈ :ہاتھی نے سپر مارکیٹ پر دھاوا بول دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تھائی لینڈ میں ایک حیران کن منظر نے سب کو چونکا دیا جب اچانک ایک دیوہیکل ہاتھی ایک سپر سٹور میں داخل ہوا اور کھانے کی تلاش میں چاول کے کیکس اور انڈے کھا گیا۔

یہ 25 سالہ ہاتھی، جس کا نام ’پلائی بیانگ لیک‘ بتایا گیا ہے، پیر کی سہ پہر کواچانک دکان میں داخل ہوا اور تقریباً 10 منٹ تک اندر موجود اشیائے خورد و نوش کی تلاش کرتا رہا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ہاتھی نے نہایت مزے سے میٹھے چاول کے کیکس اور مرغی کے انڈے کھائے۔

لیکن 4 ٹن وزنی یہ ہاتھی کھانے کی تلاش کے دوران ایک تنگ گلی میں چھت سے ٹکرا کر پھنس گیا۔

دکان کے مالک نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ہاتھی کو باہر کی طرف ہانکا اور بالآخر اسے سڑک تک نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔

 

ہاتھی نے صرف 1 ہزار بات (تقریباً 22.70 پاؤنڈ یا 8,000 پاکستانی روپے) کا نقصان پہنچایا اور بغیر بل ادا کیے رخصت ہو گیا۔

دکان دار کا کہنا تھا، ’یہ پہلی بار تھا کہ ہماری دکان میں کوئی ہاتھی آیا۔ مجھے کافی تشویش ہوئی کہ کہیں زیادہ نقصان نہ ہو جائے۔

 اس نے میٹھے چاول کے کیکس اور انڈے کھائے، جو حیرت کی بات ہے کیونکہ عام طور پر ہاتھی نمکین چیزوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔

واقعے کے بعد ’محکمہ جنگلی حیات‘ کے اہلکاروں نے ہاتھی کو واپس قریبی جنگل میں منتقل کر دیا اور علاقے کی نگرانی شروع کر دی تاکہ وہ دوبارہ نہ آئے۔

ماہرین جنگلی حیات کے مطابق تھائی لینڈ میں تقریباً 3,500 جنگلی ہاتھی پائے جاتے ہیں، اور اب یہ عام مشاہدہ ہے کہ یہ ہاتھی انسانی غذا کے شوقین ہو گئے ہیں۔

 وہ اب جنگل کے روایتی پتے کھانے کے بجائے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں میں موجود خوراک کی طرف زیادہ مائل ہوتے ہیں۔

ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے مطابق ایک بالغ ہاتھی کو روزانہ تقریباً 150 کلو گرام خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔