9محرم الحرام:ملک بھر میں جلوس،مجالس کا اہتمام،سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات،موبائل سروس جزوی معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے رفقا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت،ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام،جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے رفقا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کر نے کےلئے ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام جاری ہے،جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیئے گئے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیمی کربلا معلی کا نوڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا ،لاڑکانہ میں امام بارگاہ حسین مجتبی علیہ السلام صدیق آباد سے ماتمی جلوس برآمد ہو گیا ۔
اوچ شریف میں بھی 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ہو گیا، کراچی میں باب فاطمہ امام بارگاہ سے جلوس برآمد ہو گیا ۔
یہ بھی پڑھیں:رین ایمرجنسی نافذ
لاہور میں پانڈو سٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا،جلوس اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہو گا، نوحہ خوانی اور نماز ظہرین کے علاوہ نماز مغربین بھی جلوس روٹ کے مختلف نقاط پر ادا کی جائے گی۔
پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال سے علم اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہو گیا، جلوس میں عزاداران حسین کی زنجیرزنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی جاری ہے۔
ماتمی جلوس کالی باڑی اور فوارہ چوک بھی جائے گا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ہال میں اختتام پذیر ہوگا، فخر عالم روڈ پشاور صدر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ملتان میں 80 جلوس برآمد ہوں گے۔ کراچی میں نشتر پارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔ پولیس کی جانب سے گزرگاہوں پر سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آج 1689 عزاداری جلوس برآمد، 3895 مجالس منعقد ہورہی ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں ۔