ٹھوکر نیاز بیگ سرکل کے پٹواریوں کا 5 ارب کا میگا اسکینڈل بے نقاب

Sep 04, 2023 | 19:29:PM
ٹھوکر نیاز بیگ سرکل کے پٹواریوں کا 5 ارب کا میگا اسکینڈل بے نقاب
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر) پرائیویٹ منشیوں کے ذریعے لاہور کے نیاز بیگ سرکل کے پٹواریوں کا 5 ارب روپے سے زائد مالیت کا میگا اسکینڈل سامنے آگیا۔

لاہور کے پٹوار خانوں میں پرائیویٹ منشیوں کی مداخلت نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ سرکاری رقبوں اور شہریوں کی جائیدادوں کا ریکارڈ غیرمحفوظ ہوگیا ہے۔

پٹوار سرکل نیاز بیگ میں پٹواریوں اور پرائیویٹ منشیوں نے ملی بھگت کرکے 50 سے زائد خارج شدہ انتقالات کی بوگس جلد تیار کرکے ریونیو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا ہے۔ مجموعی طور پر 500 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 کنال رقبے کے بوگس انتقالات کی دستاویزات تیارکرکے فراڈ کیا گیا۔

جوہر ٹاؤن، ایچیسن سوسائٹی، رسول پارک، ایکسپو ایونیو سوسائٹی، رانا ٹاؤن، مرغزار کالونی اور علی ٹاؤن میں موجود رقبہ کے بوگس انتقالات کی دستاویزات تیارکی گئیں۔ اسی طرح پی آئی اے سوسائٹی، احباب سوسائٹی، احمد ہاؤسنگ سکیم، کنال ویو، سرشار ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں واقع بیش قیمت رقبے کا بھی جعلی ریکارڈ تیار کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں موضع نیاز بیگ کے پٹواری خادم حسین، نائب آفس قانونگو خاور عزیز چیمہ، منشی محمد اشراف، محمدعدنان اور منشی عرفان جعلسازی کے اسکینڈل میں ملوث نکلےہیں۔

انتقال نمبر 56980 تا 57029 کے بوگس صفحات پرائیویٹ منشی اشراف اور منشی عدنان کی معاونت سے تیار ہوئے۔

قانونگو آفس میں تعینات پٹواری خاور عزیز چیمہ اور منشی عرفان نے جعلی انتقالات کے بوگس پرت سرکار انتقالات مرتب کرکے ریکارڈ میں رکھوا دیے تھے- ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور نے کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور سیکرٹری کوآپریٹیو کو فراڈ اور جعلسازی کی تفصیلات بھجوا دی ہیں۔

اے ڈی سی آر لاہور نے جعلسازی میں ملوث پٹواریوں اور مفاد کنندگان کیخلاف کارروائی کیلئے ڈی جی انٹی کرپشن کو ریفرنس بھی بھجوا دیا ہے۔