فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین حکمتِ عملی کی بدولت جنگ میں عظیم کامیابی ملی: مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی حاصل کی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین حکمتِ عملی کی بدولت جنگ میں عظیم کامیابی ملی، پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا اورفیکلٹی ممبرز کی ملاقات کی،مریم نوازنے پاکستان آرمی،پاکستان نیوی اورپاکستان ایئر فورس کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی،وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ مارشل عاصم منیراوردیگر عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا،مریم نوازشریف نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے وفد کو حکومت پنجاب کے اختراعی اور تاریخی پراجیکٹ سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے شرکا کے سوالات کے خوش دلی سے جواب دئیے،بنگلادیش کے مندوب نے وزیراعلیٰ مریم نوازکی عوامی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہناتھا کہ احساس کا جذبہ گڈگورننس کا بنیادی اصول ہے،حکمران کا ہر فیصلہ عوام کی زندگی پر اثرا نداز ہوتا ہے،دنیا میں معاشی اوردفاعی طورپر مضبوط ملک کوعزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،پنجاب میں اب کوئی سیاسی تعیناتی نہیں ہوتی،اقرباپروری،سفارش کا مکمل خاتمہ کردیا،پنجاب میں خود انٹرویو کر کے 100فیصدمیرٹ پر تعیناتی ہوتی ہے،کرپشن کے معاملے میں زیروٹالرنس ہے،کرپشن علم میں آجائے تو کوئی معافی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھا کہ عوام کاپیسہ ہے،اسے عوام پر ہی خرچ کرنا ہوگا،ای ٹینڈرنگ کے ذریعے خالصتاً میرٹ اورشفافیت کے ساتھ کنٹریکٹ دیئے جاتے ہیں،وطن دھرتی ماں کی طر ح ہے،اسے دھوکہ دینا ناقابل برداشت ہے،مختلف ادارے میری آنکھ اورکان کے طورپر مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہتے ہیں،حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہ ہونا بہت بڑی کامیابی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ لوکل گورنمنٹ کے خلاف نہیں،اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہوں،پاپولیشن کے مطابق این ایف سی ایوارڈ دیا جاتا ہے،تمام صوبے اپنے وسائل پیدا کرتے ہیں،الحمدللہ پنجاب کا ریونیو ایک ٹریلین روپے ہے،دوسرے صوبوں سے پراجیکٹ شیئر کر کے خوشی ہوتی ہے،عوامی فلاحی پراجیکٹ کیلئے ہر صوبے کے ساتھ تعاون کیلئے ہمیشہ تیاررہتے ہیں۔
مریم نواز کاکہناتھا کہ بلوچستان نے سیف سٹی پراجیکٹ میں معاونت کی درخواست کی تھی،کے پی کے کو 15 کالنگ سسٹم کے بارے میں شیئر کیا،کینال کا معاملہ سی سی آئی میں ہے،پنجاب اپنے آبی ذخائر کے ساتھ کیا کرتا ہے،یہ ہمارا مسئلہ ہے،ٹیلی میٹری سسٹم کے ذریعے آبی ذخائر کی مانیٹرنگ پر مثبت جواب نہیں ملتا،میں کبھی کسی کے اختیارات اورمعاملات میں د خل نہیں دیتی،نہری اصلاحات کو سیاسی معاملہ نہیں بنانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھا کہ میں پنجاب کے معاملات کی ذمہ دار ہوں اوراس کیلئے فائٹ بھی کروں گی،پنجاب کے حق کے معاملے میں میرا موقف واضح ہے،نوازشریف اورشہبازشریف میرے لئے ہمیشہ مشعل را ہ ہیں،روایات پر یقین نہیں کیا بلکہ اپنی راہ خود متعین کی،ستھرا پنجاب دنیاکا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے۔
ان کاکہناتھا کہ منصب سنبھالا تو امن و امان کی صورتحال دگرگوں تھی،اب پنجاب محفوظ جگہ ہے،تھرمل امیجنگ ڈرون کو سیلاب متاثرین کی نشاندہی کیلئے کامیابی سے استعمال کیاگیا،ڈرون کے ذریعے سیلاب میں گھرے متاثرین کو کامیابی سے انخلا کیا،پنجاب کی زراعت کو پہلی مرتبہ میکانائزشن کی راہ پر گامزن کررہے ہیں،تاریخ کا بدترین سیلاب آیا لیکن ہم نے تاریخ کا سب سے بڑا انخلاء آپریشن کامیابی سے مکمل کیا،سیلاب کے دوران پنجاب کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک ہر متاثرہ علاقے کا دورہ کیا،ہمارے مراکز صحت کا موازانہ اب کسی بھی یورپی کلینک کے معیار سے کیا جا سکتا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ مہنگا ہونے کے باوجود پنجاب میں کینسر کے مریضوں کا کو ابلیشن مشین سے علاج کریں گے،سموگ سے بچاؤ کیلئے 15سموگ گن مشینیں امپورٹ کی گئی ہیں، پنجاب کے 500دیہات کو پہلے مرحلے میں ڈویلپ کیا جارہا ہے،دوسرے صوبوں کے لوگ بہتر مواقع کیلئے پنجاب کارخ کرتے ہیں۔
شرکا وفد نے کہاکہ پنجاب میں شروع ہونے والے پراجیکٹ حیران کن ہیں،سی سی ڈی،اینٹی نارکوٹکس،گرین اینی شی ایٹو،سوشل پروٹیکشن کے پراجیکٹ شاندار ہے۔
نیشنل سکیورٹی وارکورس کے وفد میں پاکستان آرمی،پاکستان نیوی،پاکستان ایئر فورس اورسول آفیسر شامل تھے، وفد کے شرکا میں 26ممالک کے 47شرکاء بھی شامل تھے، آسٹریلیا،برطانیہ، چین، امریکہ،سعودی عرب،ترکی،متحدہ عرب امارات،ایران،فلسطین،ساؤتھ کوریااوردیگر ممالک کے افسران شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنیوالے FBR کے ریڈار پر آگئے