بھارت ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا: بیرسٹر سلطان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پہلگام واقعہ کی مذمت اور اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر کچلنا چاہتا ہے لیکن بھارت آج تک اپنے اس ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعہ کے بعدکشمیریوں پر بھارت کی طرف سے جاری بربریت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیر مسلح عوام نے اپنے خون کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہواہے۔ بھارت اپنی ناکامی کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کر رہا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کوایسے جارحانہ اقدامات سے روکے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کومظلوم کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ اسی کوشش میں رہا ہے کہ وہ آزادکشمیرکی امن و سلامتی خراب کرکے یہاں پر بد امنی پھیلائے لیکن بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایسے فالس فلیگ آپریشن کرنے سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مزید تقویت ملتی ہے اور بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے آشکار ہوتے ہیں۔
اس موقع پر کنوینر جناب غلام محمد صفی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان رہنماؤں میں نمایاں ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور حریت کانفرنس کے ساتھ ان کے ہمیشہ قریبی اور مثالی تعلقات رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی رہنماؤں کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی