وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی جہلم میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز ) وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے عوامی مسائل کے براہِ راست حل کے لیے ضلع کونسل ہال جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات اور مسائل سن کر متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس کے دوران وزیر مملکت نے 400 سے زائد شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے اعلان کیا کہ آئندہ ہر ماہ جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ دینہ اور سوہاوہ میں بھی اسی نوعیت کی عوامی نشستیں منعقد کی جائیں گی تاکہ شہریوں کے مسائل براہِ راست سنے جا سکیں اور عوام و سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ضلع جہلم میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے نظام کو بھی مزید مؤثر اور فعال بنایا جا رہا ہے۔
کھلی کچہری میں شریک شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کی عوامی نشست کا انعقاد کیا گیا ہے، جو عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے کی مثبت کوشش ہے۔