بابوسر ٹاپ سے چلاس تک گلگت بلتستان کا زیرِ زمین آپٹیکل فائبر منصوبہ مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) گلگت بلتستان کے لیے انتہائی اہم بیک ہال کمیونیکیشن لنک بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے،منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کو مستقل اور محفوظ بنیادوں پر بحال کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 22 جولائی 2025 کو بابوسر ویلی میں شدید کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والی غیر معمولی لینڈ سلائیڈ سے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کی بیک ہال آپٹیکل فائبر کیبل کو شدید نقصان پہنچا تھا،بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ شاہراہ پر تھک گاؤں کے قریب 8 مختلف مقامات پر تقریباً 8 کلومیٹر کے حصے میں کیبل متاثر ہوئی تھی جبکہ لوشی پل کے مقام پر مین روڈ کے ساتھ موجود آپٹیکل فائبر مکمل طور پر بہہ گئی تھی۔
اس المناک حادثے میں 22 سے زائد سیاح اور مقامی افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، ایس سی او کی فیلڈ ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر 24 جولائی 2025 کو پہاڑوں کے اوپر سے عارضی آپٹیکل فائبر بچھا کر کمیونیکیشن سروس بحال کر دی تھی تاہم یہ عارضی انتظام کھلی حالت میں ہونے کے باعث سڑک کی بحالی اور ملبہ ہٹانے کے جاری کاموں کے دوران بار بار نقصان کا شکار ہو رہا تھا۔
کمیونیکیشن نظام کو مستقل اور محفوظ بنانے کے لیے ایس سی او نے متاثرہ حصوں میں آپٹیکل فائبر کو دوبارہ زیرِ زمین بچھانے کا منصوبہ شروع کیا، جس کا آغاز 15 اکتوبر 2025 کو ہوا، یہ منصوبہ محض ڈھائی ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا گیا۔
منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کی مرکزی بیک ہال کنیکٹیوٹی کے لیے مجموعی طور پر 16 کلومیٹر زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل کو 7 مختلف حصوں میں بچھایا گیا ہے۔ تمام سیکشنز کو کامیابی سے فعال کر دیا گیا ہے اور آپٹیکل فائبر کیبل کو اس کی اصل زیرِ زمین حالت میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک مزید مستحکم ہو گیا ہے، جس سے عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں، سیکیورٹی فورسز اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی بہتر مواصلاتی سہولیات میسر آئیں گی۔