بلاول بھٹو کا وژن کراچی کو موہنجودڑو جیسا بنانے کا ہے، حافظ نعیم

جب ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی پر دباؤ آتا ہے تو وہ مصنوعی تنازعات پیدا کرتے ہیں

Jan 04, 2026 | 18:35:PM
بلاول بھٹو کا وژن کراچی کو موہنجودڑو جیسا بنانے کا ہے، حافظ نعیم
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا وژن کراچی کو موہنجودڑو جیسا بنانے کا ہے، سندھ کی موجودہ صورتحال پر دل خون کے آنسو روتا ہے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جب ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی پر دباؤ آتا ہے تو وہ مصنوعی تنازعات پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا اور یہ جماعت شہر کے عوام کی حمایت سے خالی ہے۔ پیپلز پارٹی آئین میں ترمیم میں وفاقی حکومت کا ساتھ تو دیتی ہے لیکن عوام کے حقوق پر بات آنے پر الزام تراشی شروع کر دیتی ہے۔

 ایم کیو ایم کی کراچی بچاؤ مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم غیر متعلقہ ہو چکی ہے اور اسے سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اکثر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں، مگر بعد میں الزام تراشی کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے چاروں صوبوں میں گورننس کا بحران ہے اور کراچی کا موازنہ پنجاب سے نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ کی خراب صورتحال کے باوجود پنجاب میں بھی ترقیاتی کام نہیں ہو رہے، انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کراچی کے 3 ہزار 400 ارب روپے خرچ کر چکی ہے مگر کے فور منصوبے میں حصہ نہیں لیا۔

 حافظ نعیم الرحمان نے شہریوں کے مسائل حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بچے ڈمپر اور گٹروں میں ہلاک ہو رہے ہیں، شہر کو مافیا کے قبضے سے آزاد کروانا ہوگا۔

انہوں نے سوال کیا کہ صوبہ بنانے اور مقامی حکومتوں کو اختیارات دینے میں کس نے رکاوٹ ڈالی ہے اور آئینی ترمیم کی ضرورت کیوں محسوس کی جا رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کا وژن کراچی کو موہنجودڑو جیسا بنانے کا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور جعلی حکومت نے شہری انتظامی اختیارات پر قبضہ کیا، ان سے جواب طلب کیا جائے۔

انہوں نے پنجاب میں غیر جمہوری اقدامات کے خلاف 15 جنوری سے مہم شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کرائے جائیں تاکہ عوام اپنی پسند کی جماعت کو ووٹ دے سکیں۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کے ووٹ کی قدر کی جائے، اور انتخابی عمل شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونا چاہیے، حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ سڑکوں پر احتجاج کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ پیپلز پارٹی کے احتجاج کے دوران پورے سندھ میں توڑ پھوڑ ہوئی، جبکہ جماعت اسلامی کے احتجاج ہمیشہ پرامن اور شفاف رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :چین نے امریکا سے صدر مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا