بینظیر انکم سپورٹ سوشل پروٹیکشن والٹ کیلئے مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ بتا دیا۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مفت موبائل سم فراہم کر رہا ہے۔
بیان میں بتایاگیاہے کہ بینیفشریز اپنے قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی مرکز یا کیمپ سائٹس پر تشریف لائیں جہاں سب سے پہلے سکریننگ کاؤنٹر پر اہلیت کی جانچ کی جائے گی جبکہ اہل قرار دیے جانے پر ٹوکن جاری کیا جائے گا اور سم اجرا کاؤنٹر پر بھیج دیا جائے گا۔
بعدازاں سم اجرا کاؤنٹر پر بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مفت سم جاری کی جائے گی جسے ٹیلی کام نمائندہ وہیں پر موبائل فون میں ڈال کر ایکٹو کر دے گا، جاری شدہ سم نمبر پروگرام کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کر لیا جائے گا تاکہ تمام ریکارڈ مکمل رہے۔
اس حوالے سے بینیفشریز کو اہم ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سم کسی اور کو نہ دیں اور اسے ہر وقت ایکٹو رکھیں کیونکہ 8171 کی جانب سے بھیجے جانے والے تمام پیغامات اسی پر موصول ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں2 تعطیلات کا اعلان ، نوٹیفکیشن بھی جاری
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق رجسٹرڈ شہریوں کیلئے ’’سوشل پروٹیکشن والٹ ‘‘کا آغاز کیا ہے تاکہ رقم کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔
سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق سوشل پروٹیکشن والٹس نظام کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئیہے خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی BISP دفتر یا مقررہ کیمپ جائیں جہاں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد انہیں ایک مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ فعال کیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ خواتین سم حاصل کرنے کیلئے کسی کو رقم ادا نہ کریں کیونکہ یہ بالکل مفت ہے، سم پر سوشل پروٹیکشن والٹس صرف BISP کی جانب سے بنایا جائے گا لہٰذا کسی غیر مجاز شخص یا ادارے سے رابطہ نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں اسی سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جبکہ ادائیگیوں سے متعلق پیغامات بھی اسی سیم پر موصول ہوں گے۔