وقت آنے دیں دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ بلاول کی زبان بولیں گے، راجہ پرویز اشرف

Dec 04, 2023 | 22:49:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد اقبال رانا) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تمام سیاسی جماعتوں کو ملنی چاہیئے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، انتظار کیجئے دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ ہی بلاول بھٹو زرداری کی زبان بولیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس ملک کو ووٹ کا حق دینے والا ذوالفقار بھٹو تھا، آج بھٹو کی پارٹی پھر عوام کی عدالت میں آ رہی ہے، پیپلز پارٹی عوام کی طاقت اور ووٹ پر بھروسہ رکھتی ہے، آپ کے پاس سب جماعتیں آئیں گی سب کو سنیں اور فیصلہ دل کا کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو آئین کس نے دیا؟ مزدور کا کس نے سوچا؟ اس بات کا ووٹ دیتے وقت خیال رکھنا، پنجاب پیپلز پارٹی کا آج بھی قلعہ ہے، میں ہمیشہ ایک بات کرتا ہوں ووٹ دینے کا بھی ایک مقصد ہونا چاہیئے، ووٹ دے کر آپ ایسی حکومت بنائیں جو عوام کی خدمت کرے۔

یہ بھی پڑھیے: سابق صدر آصف علی رزداری کی پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ آپ نے جھوٹ اور پراپیگنڈہ پر ووٹ نہیں دینا، آپ نے ووٹ کا فیصلہ صحیح کرنا ہے، چابی آپ کے ہاتھ میں ہے، جو کہتے تھے پیپلز پارٹی کمزور ہوگئی وہ آکر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جذبہ دیکھیں، 8 فروری کو انتخاب ہے آپ نے اس ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کونسی جماعت اس ملک کی نمائندگی کرسکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی برسرِ اقتدار آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری اس کے وزیراعظم ہوں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ الیکشن میں سرپرائز دیا ہے، پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ سے طاقت میں آتی ہے، بلاول بھٹو زرداری جلد گوجرانوالہ کا دورہ کریں گے۔