آزادکشمیر ہائیکورٹ ؛ چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی پر صدر، وزیراعظم اور دیگر  کو نوٹس جاری

Aug 04, 2025 | 22:26:PM
آزادکشمیر ہائیکورٹ ؛ چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی پر صدر، وزیراعظم اور دیگر  کو نوٹس جاری
کیپشن: آزاد کشمیر ہائیکورٹ بلڈنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن)آزادکشمیر ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی پر صدر، وزیراعظم، وزیر قانون، چیف سیکریٹری، سیکرٹری لوک گورنمنٹ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے تمام فریقین کو 6 اگست تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی پر آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار چودھری اعجاز کھٹانہ کی دائر آئینی درخواست پر سماعت ہوئی،پٹیشن کی پیروی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ راجہ سجاد اور ایڈووکیٹ فیصل نے کی، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی آئینی انحراف ہے، وزیراعظم و دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ 

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سابق چیف الیکشن کمشنر کی مدت 14 جنوری 2025 کو مکمل ہو چکی ہے۔سات ماہ بعد بھی کوئی مستقل یا قائم مقام چیف الیکشن کمشنر مقرر نہیں کیا گیا۔وزیراعظم 1974 کے عبوری آئین کی دفعہ 50(2) کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:نئی نمبر پلیٹس ،موٹر سائیکل سواروں کی بڑی پریشانی ختم

درخواست میں وزیراعظم پر جان بوجھ کر تعیناتی مؤخر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نے خود پینل چیئرمین کشمیر کونسل کو ارسال کیا۔ بلدیاتی اداروں کی 30 سے زائد نشستیں چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی سے خالی ہیں۔9 لوکل ممبرز، 7 چیئرمین یوسی، 5 وائس چیئرمین یوسی کی نشستیں خالی ہے۔بلدیاتی ضمنی انتخابات تعطل کا شکاراور جمہوری نمائندگی خطرے میں ہے۔

پٹیشنر کا مزید کہناتھا کہ وزیراعظم کو حکم دیا جائے کہ فوری طور پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کریں۔ چیئرمین کشمیر کونسل کو آئینی مشورہ جاری کرنے کی ہدایت دی جائے۔

درخواست گزار کاکہناتھا کہ عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے میں آئینی عہدے پر 30 دن میں تعیناتی کرنا لازم قرار دے چکی ہے۔ 

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن عملاً غیر فعال ہو چکا ہے۔ہائیکورٹ سے فوری مداخلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری ادارے مفلوج ہو چکے ہیں۔

اگلی سماعت 6 اگست کو ہو گی، تمام ذمہ داران کو جواب داخل کرانے کا حکم دیدیا گیا،عدالتی کارروائی آزاد کشمیر میں آئینی خلاف ورزی اور انتخابی عمل کے مستقبل کا تعین کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان