ملک میں سیاسی استحکام کیلئے جلد شفاف الیکشن کرائے جائیں ، عمران خان 

Sep 03, 2022 | 19:36:PM
تحریک انصاف, چیئرمین عمران خان, سیاسی استحکام، معاشی استحکام،
کیپشن: عمران خان(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا،ملک میں سیاسی استحکام کیلئے جلد شفاف الیکشن کرائے جائیں ۔
بہاولپور میں تحریک انصاف کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اللہ نے میری قوم کو شعور دیدیا، جو بیدار ہو چکی ہے، مسلمانوں کے سامنے بڑی سپرپاور نے گھٹنے ٹیکے، جس انسان کے دل میں لاالہ الاللہ آجائے وہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتا، کلمہ پڑھنے والا شخص کا یقین ہوتا ہے وہ صرف اللہ سے مدد مانگتا ہے، نبی کریمﷺ نے لاالہ الاللہ کی بنیاد پر ایک عظیم ریاست بنائی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ لاالہ الاللہ ہمیشہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کرتا ہے، لاالہ الاللہ پڑھنے والا کبھی لوٹا نہیں بن سکتا، بہاولپور میں ایک بڑی مونچھوں والا لوٹا ہے، یہ لوٹا 3 سال ہماری حکومت میں رہا پھر دوسری طرف چلا گیا، بہاولپور مجھ سے وعدہ کرنا کبھی لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا، یاد رکھیں لوٹوں کے دن ختم ہو گئے ضمیر فروش پرانے پاکستان میں رہ گئے ۔
عمران خان کا کہناتھا کہ قائداعظم کو ان کے مخالفین بھی کہتے تھے یہ صادق اور امین ہیں، قائداعظم نے کہا تھا انگریز کی غلامی کے بعد ہندوﺅں کی غلامی نہیں کرینگے، آج بھارت میں دیکھ لیں مسلمان کس طرح زندگی گزار رہے ہیں، علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے بتا دیا تھا آزاد قوم کی پرواز ہی اونچی ہوتی ہے، لاالہ الاللہ پڑھ لیتے ہیں تو غلامی کی زنجیریں توڑ دیتے ہیں کہ صرف اللہ کے سامنے جھکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے کبھی ایسے لیڈر کے ساتھ نہیں جاناجو بیرون ملک مانگنے جائیں، شہباز شریف کہتا ہے ساری قوم محنت کرےگی، شہباز شریف قوم تو محنت کررہی ہے تم لوگ پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہو،
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ، صدقے جاﺅں، مریم نواز کو احساس پروگرام میں ڈال دیتا ہوں، مریم بیچاری کے پاس جائیداد نہیں، دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتی،پاناما لیکس کے بعد پتہ چلا لندن کے اربوں کے فلیٹس مریم نواز کے نام پر ہیں، مریم کے صحت مند بھائی کہتے ہیں الحمدللہ جائیدادیں ہماری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بہاولپور یہ پیسہ عوام کا تھاجس کو چوری کرکے یہ لندن کے فلیٹس خریدے گئے، ان کاکہناتھاکہ چوری سے نہیں جب حکمران قوم کا پیسہ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں، غریب ممالک میں اس لئے غربت ہے کہ صاحب اقتدار پیسہ چوری کر رہے ہیں، میں اپنی قوم کو حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے تیار کررہا ہوں، ہم سب نے ملکر ان چوروں سے آزادی حاصل کرنی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ ہمارے دور میں پٹرول، ڈیزل اور ڈالر سستا تھا، آج عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا یہاں مہنگا ہے، آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 93 ڈالر پر ہیں، آج ملک میں تیل کی قیمتیں 236 روپے فی لٹر پر ہیں، آج جو مہنگائی ہے تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، خود بتائیں جو بجلی کے بل آئے ہیں تاریخ میں کبھی اتنے بل آئے ہیں، مہنگائی نے تو ریکارڈ توڑ دیئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ لوگ این آر او لینے کیلئے اقتدار میں آئے تھے، یہ عوام کی خدمت کرنے نہیں، عوام سے چوری کیاگیاپیسہ معاف کرانے آئے تھے، معیشت ان سے نہیں سنبھالی جارہی، انڈسٹریاں بند ہو رہی ہیں، ٹیکس کلیکشن کم ہو رہی ہے، معیشت سکڑتی جارہی ہے، قرضے بڑھتے جارہے ہیں یہ پاکستان کو اندھیرے کی طرف لے جا رہے ہیں ،اب صرف ایک ہی طریقہ ہے پاکستان میں شفاف الیکشن کرائے جائیں ۔
عمران خان نے کہاکہ ملک میں دوطرح سے تبدیلی آتی ہے، چوروں کا ٹولہ ہمیں دلدل میں لے کر جا رہا ہے، شفاف الیکشن کے بعد جو 5 سال کیلئے حکومت آئے گی اس سے سیاسی استحکام ہوگا، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا، جب تک یہ لوگ ہیں معیشت اور تیزی سے نیچے جائے گی، کوئی سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں کیونکہ کسی کو پتہ نہیں ملک کہاں جارہا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ پہلے جلد شفاف الیکشن کرائے جائیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آئے، جو قرضوں کی دلدل میں پھنس گئے اس سے نجات کا طریقہ بیرون ملک پاکستانی ہیں ،کچھ دن پہلے آپ نے دیکھا کہ اوورسیز نے 3 گھنٹے میں 5 ارب روپے جمع کرلئے، انہوں نے کہاکہ 5 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی سرمایہ کاری کرلی تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی، اوورسیز نے سرمایہ کاری کرلی تو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ،اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری لانے کیلئے ہمیں قانون کی حکمرانی لانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑ دی